کاروار8؍جولائی (ایس او نیوز)شہر کے باڈ علاقے کے رہنے والے سچن نامی شخص نے انکولہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے کہ اس کی نو بیاہتا بیوی کو اغوا کرلیا گیاہے لہٰذا پولیس کارروائی کرتے ہوئے اسے ڈھونڈ نکالے۔
بتایاجاتا ہے کہ سچن کی شادی 28جولائی کو انکولہ تعلقہ کے آورسا گاؤں کی لڑکی سے ہواتھا۔ دونوں میاں بیوی اس رشتے سے بہت خو ش تھے۔ 4جولائی کو لڑکی کے مائیکے میں دعوت تھی اور اس میں میاں بیوی دونوں شریک ہونے کے لئے پہنچے تو لڑکی کے والدین نے رسم و رواج کاحوالہ دے کر پانچ دنوں کے لئے لڑکی کو مائیکے میں ہی چھوڑ جانے کا اصرار کیا۔سچن نے ان کی بات مان لی اور بیوی کو مائیکے میں چھوڑ کر واپس اپنے گھر آگیا۔کہاجاتا ہے کہ دو دنوں تک فون پر اپنے شوہر سے برابر رابطے میں رہنے کے بعد اچانک بیوی نے فون سوئچ آف کردیا۔گھر والوں سے رابطہ کرنے پر سچن کو پتہ چلا کہ ٹیلر کے پاس کپڑے سلوانے کے نام پر گھر سے نکلنے والی نوبیاہتا دلہن واپس گھر نہیں لوٹی ہے۔
سچن نے پولیس اسٹیشن میں درج شکایت میں کہا ہے کہ 7جولائی کو دیلن نامی ایک شخص نے 9591201450 موبائل نمبر سے فون کرکے بتایا ہے کہ وہ گدگ سے بول رہا ہے اور وہی اس کی بیوی کو اپنے ساتھ لے گیا ہے۔ اس کے ساتھ دیلن نے دھمکی بھی دی ہے کہ اگرسچن اپنی بیوی کوتلاش کرنے کی کوشش کرے گا تو پھر اسے جان سے مار دیا جائے گا۔اس معاملے میں سچن نے شک ظاہر کیا ہے کہ شاید دلہن کے جسم پر موجود زیورات کی وجہ سے اس کو اغوا کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کیس درج کرلینے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے ۔